اسلام آباد یونائیٹڈ کی مسلسل چھٹی فتح


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل چھٹی فتح اپنے نام کر لی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا ہدف 18.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کے آغاز میں اوپنر بلے باز میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کی شراکت میں صرف 13 رنز بنا سکے۔

پہلی وکٹ لیوک رونکی کی گری۔ اوپنر بلے باز دس رنز بنا کر راحت علی کی گیند کا شکار ہو گئے۔

اسلام آباد کی جانب سے جے پی ڈومینی نے 54 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور راحت علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے الیکس ہیلز 16، شاداب خان 18، طلعت حسین  28 اور آصف علی 18 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلی اننگ

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

اننگ کے آغاز میں اوپنر بلے باز جیسن رائے اور شین واٹس میدان میں آئے۔

کوئٹہ کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 19 رنز بنے۔ شین واٹسن آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔

واٹسن نے چھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ رنز بنائے اور سمیت پاٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی دوسری وکٹ 30 کے مجموعے پر گری۔ اوپنر جیسن رائے عماد بٹ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ کے ٹوٹل اسکور میں دس رنز کے اضافے کے بعد تیسری وکٹ گرگئی۔ کیون پیٹرسن فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

عمر امین نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر کھیل کو آگے بڑھایا۔  105 کے مجموعی اسکور پر عمر امین 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل آگے بڑھایا لیکن 43رنز کے انفرادی اسکور پر طلعت حسین کی گیند کا شکار ہو گئے۔

سرفراز احمد نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنی اننگ مکمل کی اور ٹاپ اسکورر رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں ریلے روسو 14، انور علی دو، محمد نواز ایک اور حسن خان 16 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فہیم اشرف نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں