’سڑک سڑک گالیاں کھانے کا لطف لیتے جے یو آئی لیڈران مطمئن نظر آتے ہیں‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو پذیرائی جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے دھرنوں کی ہو رہی ہے وہ انتہائی خوش آئند ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ سڑک سڑک گالیاں کھانے کا لطف لیتے جے یو آئی کے لیڈران خاصے مطمئن نظر آرہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں پاکستان کے عوام نے شدت پسندوں کو بری طرح مسترد کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کا شدت پسندی کیخلاف ردعمل روشن مستقبل کی امید ہے۔

آزادی مارچ/پلان بی

خیال رہے کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت مخالف آزادی مارچ کا اعلان کیا تھا جس کے قافلے 31 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوئے اور ایچ نائن کے علاقے میں پارٹی کی جانب سے دھرنا دیا گیا۔

پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کا بھرپور ساتھ دیا تاہم مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوئے۔

اس درمیان حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات بھی ہوتے رہے تاہم یہ ڈیڈ لاک کا شکار ہوگئے۔

کچھ روز اسلام آباد میں قیام کرنے کے بعد 13 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے دھرنا ختم کرنے اور ’پلان بی‘ پر عمل درآمد کرنے کا اعلان کیا۔

پلان بی کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں پارٹی کی جانب سے دھرنے دیے جارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں