اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت، ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ان کا نام نکالنے اور آزادی مارچ کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس جاری ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں تحریک تحریک کی اعلیٰ پارٹی قیادت شریک ہوگی جس کے دوران معاشی صورتحال، پارلیمانی امور اور مہنگائی سے متعلق امور پر بھی بات ہوگی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان شریک ہوں گے۔
ان کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سینئر رہنما جہانگیر ترین، وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، سابق وزیر خزانہ اسد عمر اور پارٹی رہنما عامر کیانی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک، پارٹی رہنما علیم خان، عاطف خان، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، سینیئر پارٹی رہنما بابر اعوان، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور علی امین کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔
اجلاس میں قومی سطح کے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
کور کمیٹی اجلاس سے قبل عامر کیانی کی سربراہی میں ریجنل صدور کا اجلاس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں ہوگا جس کے دوران تنظیمی امور، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور تنظیم سازی پر بات ہو گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف تنظیم کو فعال بنانے سے متعلق ریجنل صدور کو اہداف سونپے جائیں گے۔