کراچی: قومی کرکٹر انور علی نے ٹی ٹین لیگ کھیلنے کی اجازت نہ دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
قومی کرکٹر انور علی نے ٹی ٹین لیگ کی این او سی نہ ملنے پر کہا کہ پی سی بی کو اس طرح کے فیصلوں سے قبل سوچنا چاہیے۔ معاہدے کے مطابق کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کےعلاوہ ایک دو لیگز بھی کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹین ٹین لیگ کھیلنے کی این او سی نہ ملنے پر ہم کچھ نہیں کر سکتے یہ سب کرکٹ بورڈ کے ہاتھ میں ہے۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے سے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انور علی نے کہا کہ بحثیت کرکٹر ہمیں نئے ڈومیسٹک سسٹم کو اپنانا پڑا اور ڈومیسٹک میں موقع ملا ہے تو کوشش ہے کہ یہاں پر فارم کروں۔ میرا دھیان اب پیسوں پر نہیں کرکٹ پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا: مردان میں نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا
انہوں نے کہا کہ انڈر 19 کرکٹ میں میری باؤلنگ سوئنگ ہوتی تھی لیکن انجری کے باعث باؤلنگ کافی متاثر ہوئی۔ اس لیے اب میری توجہ باؤلنگ پر ہے اور انجری کے بعد اب یہ میرا دوسرا میچ ہو گا۔