نواز شریف کی روانگی، وزیراعظم کا بابر اعوان سے رابطہ

۔—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان سے رابطہ کرلیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بابر اعوان نے وزیر اعظم کو سپریم کورٹ کے 26 مارچ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اس فیصلے میں نواز شریف کا پاکستان میں میڈیکل سہولیات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے لیےحکومت سزا یافتہ قیدی سے سیکورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق اتھارٹی مشروط آرڈر جاری کرسکتی ہے، جو حکومت اجازت دے سکتی ہے وہ اس کے ساتھ شرائط بھی عائد کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے سے انکار یا اقرار تب کریں جب وہ سودا کر رہے ہوں، ہماری حکومت تو کوئی سودا نہیں کرے گی۔

دوسری جانب نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق بنائی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے حتمی سفارشات تیار کر لی ہیں۔

ذیلی کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی جو جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سفارشات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کا مؤقف بھی شامل کیا گیا ہے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں