کریم کا ایک اور کیپٹن قتل


راولپنڈی: موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے سفری سہولیات فراہم کرنے والے نجی ادارے کریم کا ایک اور کیپٹن قتل کر دیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق کریم کیپٹن کے قتل کا واقعہ راولپنڈی کے نصیر آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔

کریم کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سجاول امیر کو پیر کی شب کار چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

قبل ازیں اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں 22 فروری کو کریم کے ایک اور کیپٹن جنید مصطفیٰ کو گاڑی چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا۔

پیر کو پیش آنے والے واقعہ پر کریم نے مقتول کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انھیں ہرجانے کی ادائیگی سمیت ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کمپنی نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ قتل کی بہیمانہ واردات کا فوری اور سخت نوٹس لیں۔

ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسرے کیپٹن کے قتل پر اظہار تشویش ظاہر کرتے ہوئے کمپنی نے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ضرورت پربھی زور دیا ہے۔

نصیر آباد پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں مدعی عامر مشتاق نے بتایا ہے کہ مقتول اس کا دوست اور ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق سجاول امیر وقوعہ کے وقت عامر مشتاق کی گاڑی چلا رہا تھا، جسے نامعلوم ملزمان چھین کر لے گئے ہیں۔

سجاول امیر کو انتہائی زخمی حالت میں راولپنڈی کے ایک علاقے میں پایا گیا تھا جس کے بعد اسے نجی طبی مرکز قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا۔

مدعی مقدمہ عامر مشتاق نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سجاول امیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پیر اور منگل کی درمیانی شپ انتقال کر گیا تھا۔

اس رپورٹ کے فائل کئے جانے تک مقتول کی میت کو نماز جنازہ اور تدفین کے لئے آبائی علاقے بھکر پہنچا دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں