گلگت: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ہمیں اپنے ملک کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے۔
گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمان اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتا ، ان 10 سالوں میں دو بڑی طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی آزادی کے دن بتانا چاہتا ہوں ہمیں اسلام کےاصولوں پرچلنا ہوگا کیونکہ پاکستان کا نعرے کا مطلب تھا لااله الاالله ۔
وزیراعظم نے کہا کہ جتنا ہم عدل و انصاف پر زوردیں گےاتنی ہی برکت ملک میں آئے گی۔
عمران خان نے کہا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے لوگوں نے جنگ آزادی نہ لڑی ہوتی تو وہ بھی آج مودی کے ظلم کا شکار ہوتے۔
ان کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت نے 3 ماہ سے کرفیو لگایا ہوا ہے، وہاں کے باسیوں کو جانوروں کی طرح رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ میں آپ کا وکیل بن چکا ہوں اور ساری دنیا میں آپ کی وکالت کروں گا۔
گلگت بلتستان کی خوبصورتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں پوری دنیا گھوم چکا ہوں مگر جوخوبصورتی یہاں دیکھی ہے وہ کہیں اور نہیں نظر آئی۔
انہوں نے کہا کہ میں 52 سال پہلے اس علاقے میں آیا تھا اُس وقت یہاں کا راستہ بہت خراب تھا اور سیاحوں کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم اب قراقرم روڈ بننے سے پورا علاقہ کُھل گیا ہے۔