اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی حالت بہت خراب ہے، قوم سے درخواست ہے کہ وہ ان کی صحتیابی کی دعا کرے۔
ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جو بات کرتے ہیں ان کی ٹیم ویسی باتیں نہیں کرتی۔ فردوس عاشق اعوان کا حالیہ بیان اس بات کا ثبوت ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ایک شخص جو تین مرتبہ ملک کا وزیراعظم رہ چکا ہو، جس نے ملک اور قوم کی بہت خدمت کی ہو اس کے ساتھ یہ برتاؤ نہایت افسوسناک ہے۔
مائزہ حمید نے بتایا کہ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کو مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں شرکت کرنے کا کہا ہے لہذا ن لیگ کے کارکنان اس میں بھرپور حصہ لیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ قیادت کی آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا کیونکہ اس وقت میاں نواز شریف کی صحت کو لے کر سب بہت پریشان ہیں۔
علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کے سوال پر مائزہ حمید نے کا کہنا تھا کہ ہم سب میاں نواز شریف کو منا رہے ہیں کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں لیکن ابھی تک وہ بیرون ملک جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔