ضمانت کے بعد شہباز، نواز ملاقات کی اندرونی کہانی


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سروسز اسپتال پہنچ گئے۔

شہباز  شریف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے پتہ لگالی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف بڑے بھائی سے ضمانت منظور ہونے پر بغل گیر ہوئے اور مبارکباد دی۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر نے شہباز شریف کو سر پر ہاتھ پھیر کر پیار دیا جبکہ شہباز شریف نے مریم نواز کے سر پر ہاتھ پھیرا اور بوسہ دیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے مریم نواز سے کہا کہ اللہ سب بہتر کرے گا۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگرملز کیس میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ایک کروڑ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

شہباز شریف نے گزشتہ روز چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

سماعت کے دوران نواز شریف کے طبی معائنے کیلئے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکڑ ایاز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کی تعداد بہت کم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو لاحق بیماری کا علاج پاکستان میں موجود ہے لیکن اچھے نتائج نہیں مل رہے۔


متعلقہ خبریں