‘دھرنا عمران خان کے لیے تریاق، ہمارے لیے زہر کیسے؟‘

دھرنے میں عمران خان کی پیروی کروں گا، مفتی کفایت اللہ 


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ خان کا کہنا ہے کہ دھرنا وزیراعظم عمران خان کے لیے تریاق تھا تاہم ہمارے لیے زہر کیسے بن گیا؟

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے جس کا ہم استعمال کرنا چاہتے ہیں، اس میں مسئلہ کیا ہے؟

ایک بزرگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پانچ لاکھ احادیث کا خلاصہ نکالا گیا جس سے پتہ چلتا ہے معاشرے کا حسن یہ ہے کہ جو چیز اپنے لیے پسند کرو وہ دوسروں کے لیے بھی پسند کرو، عمران خان نے خود دھرنا دیا، اب ہمیں کہہ رہے ہیں کہ یہ غلط ہے، میں تو اس معاملے میں ان کی ہی پیروی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہم آزادی مارچ کے لیے پہلے دن سے مولانا کے ساتھ ہیں‘

مفتی کفایت اللہ نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ مولانا کی سیاست ختم کر دوں گا، کیا اُن کی سیاست ختم ہو گئی؟ مولانا فضل الرحمان آج محلِ نگاہ ہیں۔

’جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے‘

شفا یوسفزئی کے اس سوال پر کہ کیا حکومتی ٹیم سے مذاکرات کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ مذاکرات کا انکار نہیں کرتے، حکومت مذاکرات کے لیے کمیٹیاں بناتی ہے اور ساتھ ہی مولانا کو گالیاں بھی دیتی ہے، اس طرح معاملات نہیں چلتے۔

گفتگو کا اختتام انہوں نے صداقت علی عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے ان الفاظ سے کیا کہ ’ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے، جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے۔‘

صداقت علی عباسی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت علی عباسی نے پروگرام میں کہا کہ ہم آزادی مارچ کے مخالف نہیں ہیں مگر جے یو آئی کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ اسلام آباد آئیں، کسی کا راستہ نہ روکیں اور پریڈ گراؤنڈ میں بیٹھ جائیں۔

’مولانا جمہوری ہیں نہ آئینی اور نا ہی ترقی پسند‘

ان کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی نے دھرنا دیا تھا تو مولانا کا کہنا تھا کہ شرکاء پر آرٹیکل 6 لگا کر بغاوت کے مقدمہ کا اندراج کریں، اب اپنے دھرنے کے متعلق ان کا کیا خیال ہے؟

یہ بھی پڑھیں: مولانا کو نظر بند کیا تو دما دم مست قلندر ہو گا، حافظ حمد اللہ

صداقت علی عباسی کا مزید کہنا تھا کہ مولانا مذہب کارڈ کا استعمال کرکے لوگوں کو جمع کر رہے ہیں، وہ جمہوری ہیں نہ آئینی اور نا ہی ترقی پسند۔

جے یو آئی کے سربراہ کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ڈنڈے نہ دکھائیں ہمارے پاس بڑا ڈنڈا ہے۔‘


متعلقہ خبریں