اگر کسی نے ضمیر کا سودا کیا تو اس کی پکڑ ہوگی، فاروق ستار


کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ تنظیم میں بحران پیدا ہوا تھا جسے ختم کرلیا گیا ہے۔ بہادر آباد کے ساتھ تنظیمی مسئلہ ہے وہ بھی جلد حل کرلیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہادر آباد کے ساتھ کچھ معاملات میں اختلافات پیدا ہوئے تھے جو حل کرلیے گئے ہیں، اختلافات کے باوجود بہادر آباد سے رابطے میں تھے۔

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔ ایم کیو ایم کو پہلے سے زیادہ مضبوط کریں گے۔ اب جب دوبارہ بہادر آباد کے ساتھ بیٹھیں گے تو تنظیمی مسئلے کو بھی حل کرلیں گے۔ کل ہم نے مل کر طے کیا ہے کہ اپنے ووٹ بینک کو مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ضمیر مطمئن ہے، میں نے اراکین کو سمجھایا ہے کہ اختلافات کے باوجود بھی اکٹھے رہنا ہے۔ تنظیم کوچلانے اور رابطہ کمیٹی کے حوالے سے ہمارے درمیان اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے سینیٹ انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج اراکین اسمبلی کی آزمائش کا دن ہے۔ پورے ملک کی سیاست میں پیسوں کی ریل پیل ہے جو اراکین پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اگر پارٹی کو پتہ چلا کہ کسی نے ضمیر کا سودا کیا تو اس کی پکڑ ہوگی۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے بعد اپنے ووٹرز اور پارٹی کو بھی جوابدہ ہیں۔ اگر کسی نےخلاف ورزی کی تو پارٹی میں پکڑہوگی۔

متعلقہ خبریں