’کشمیر پردھوکابازی کرنے والے کو پاکستان میں قبر کی جگہ نہیں ملے گی‘



کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پر سودے بازی کرنے والے کو پاکستان میں قبر کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

کوئٹہ میں جلسہ عام سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت مظفر آباد میں تمام سیاسی جماعتوں کو لے کر چلتی تو دشمن کو مؤثر پیغام دیا جاسکتا تھا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر پر صرف زبانی جمع خرچ تک محدود ہے لیکن پاکستانی قوم اب ایکشن دیکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پانچ سال کیا اگر 50 سال بھی دئیے جائے تو بھی ناکام ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں یہ ظلم آج سے نہیں 70 سالوں سے ہے لیکن ہماری حکومت بھارت کے ساتھ تجارت کی بات کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مودی کا منصوبہ ہندوستان کے تمام مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نظریاتی جنگ ہے اور جماعت اسلامی نے قوم کو بیدار کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے آج اسلامی ممالک ہم سے ناراض ہیں۔ 43روزسے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور مظلوم عوام جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

اہل کشمیر 6 جمعہ سے مساجد نہیں جاسکے،تعلیمی ادارے بند ہیں مگر افسوس ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا خاموش ہے۔


متعلقہ خبریں