لاہور: استاد کے مبینہ تشدد سے طالبعلم جاں بحق

لاہور: استاد کے مبینہ تشدد سے طالبعلم جاں بحق

لاہور: گلشن راوی میں نجی اسکول کے استاد کے مبینہ تشدد سے طالب علم جاں بحق ہو گیا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کا نعرہ ’’تشدد نہیں پیار‘‘ کے باوجود پنجاب کے بیشتر اسکولوں میں آئے روز اساتذہ کی جانب سے طلبا پر تشدد کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جس پر کوئی سخت کارروائی نہیں ہوتی۔

اسی طرح کے تشدد کا واقعہ آج لاہور میں بھی پیش آیا جب استاد پڑھائی کے دوران جلاد بن گیا اور دسویں جماعت کے طالب علم حنین کو مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہو گیا۔

جاں بحق ہونے والے طالب علم کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ 16 سالہ حنین تشدد کے باعث بے ہوش ہو گیا تھا لیکن اسے بروقت اسپتال منتقل نہیں کیا گیا جبکہ اسکول انتظامیہ نے بچے سے ملنے بھی نہیں دیا۔

پولیس کے مطابق حنین دسویں جماعت کا طالب علم تھا اور اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ تشدد کرنے والا استاد موقع سے فرار ہو گیا ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں لاہور: اسکول میں استاد کا بچے پر تشدد، مقدمہ درج 

بچے پر تشدد کے حوالے سے تاحال اسکول انتظامیہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اس سے قبل رواں سال اپریل میں لاہور کے ایک نجی اسکول کے استاد نے بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر بچے کے بھائی کی مدعیت میں استاد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں