پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا، وزیراعظم



لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان جنگ کے لیے کبھی بھی پہل نہیں کرے گا لیکن اگر بھارت نے چھیڑ چھاڑ کی تو بھروپور جوابی کارروائی ہوگی۔

عالمی سکھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کوئی بھی انسان برداشت نہیں کر سکتا۔

ان کہنا تھا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی جگہ کسی اور مذہب کے لوگ بھی ہوتے تو پھر بھی بھارتی اقدام قابل مذمت تھا۔

کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا وزیراعظم بننے کے بعد پہلی کوشش تھی کہ بھارت کیساتھ پر امن طریقے سے مشترکہ مسائل کا حل تلاش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے اور ملک کو واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے نظریے کی وجہ سے پاکستان بنا تھا اور قائد اعظم آر ایس ایس کے نظریے کو سمجھ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب تشدد کی ترغیب نہیں دیتا لیکن بھارت نے 27 دنوں سے 80 لاکھ لوگوں کو بند کیا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آر ایس ایس بھارت کو جس طرف لے جارہی ہے وہاں کسی اقلیت کے لیے جگہ نہیں بچے گی اور یہ زیادہ خطرناک بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نیوکلیئر ملک ہیں اور اس صورتحال میں پوری دنیا کو خطرہ ہوسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں