“نریندر مودی کسی کی بات نہیں سنتا”


سیالکوٹ: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کشمیر کے معاملے پر کسی کی بات سننے والا نہیں ہمیں چاہیے کہ قلم سے بھارتی کارستانیوں کا پردہ چاق کریں۔

سیالکوٹ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قلم بندوق کی گولی سے زیادہ موثر ہتھیار ہے جس کو کشمیریوں کی آواز دنیا میں پہنچانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں9لاکھ فوج کےذریعےعوام کو یرغمال بنارکھا ہے، کرفیو لگا کر کشمیریوں سے بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں اور وہاں کھانے پینے کی اشیا بھی میسرنہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی اپنی طاقت، جبر اور غرور کی وجہ سے بین الاقوامی برادری کی بات سننے کو تیار نہیں اور ایسی صورتحال میں قلم سے بھارتی حکومت کا چہرہ بے نقاب کیا جانا ضروری ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےمقبوضہ کشمیر کا سفیربن کر آواز اٹھائی اور دنیا بھر کے انسانوں کومخاطب کیا۔

فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان ایک ایسی قد آور شخصیت بن چکے ہیں جس کی ہاں میں اقوام عالم ہاں ملا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور وہ کسی محاذ پر کشمیری قیادت کو اس جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کی اہمیت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر پاکستان کا دفاعی حصار ہے اور کشمیر کا راستہ یہیں سے جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ مقبوضہ کشمیر کاگیٹ وے ہے اور وہاں سے مظلوموں کی داستان کی سب سے پہلے یہاں پہنچتی ہے۔


متعلقہ خبریں