لاہور: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ننکانہ صاحب میں سکھ لڑکی کی مسلمان نوجوان سے شادی کے معاملے کا نوٹس لے لیاہے،انہوں نے اس ضمن میں تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی میں وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور وزیر ڈیزاسٹر مینیجمنٹ خالد محمود شامل ہیں۔
سردار عثمان احمد خان بزدار نے کمیٹی کو اس معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمیٹی ارکان کو لڑکی کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور اس معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کا بھی کہا ہے۔
ننکانہ صاحب کے سکھ خاندان نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ لڑکی کو اغواء کے بعد زبردستی مذہب تبدیل کروا کر شادی کی گئی ہے۔ متاثرہ خاندان نے حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی شادیوں کے بہانے پاکستانی لڑکیوں کو چین لے جانے کا سلسلہ جاری