روس کی پاکستان کو ہر معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی


اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ فوج کے ذریعے حل نہیں ہو سکتا، اسے سیاسی طور پر افغان امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جانا چاہئے۔

دورہ روس کے بعد جاری بیان میں وزیرخارجہ نے پیرس میں ہونے والے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اجلاس پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے امریکی قرارداد کی معطلی کو پاکستان کی کاوشوں اور دوست ممالک کی مدد قرار دیا۔

دریں اثناء پاکستانی دفتر خارجہ نے خواجہ آصف کے دورہ روس کے متعلق جاری تفصیل میں اسے کامیاب قرار دیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان افغان مسئلے کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے کسی بھی ملک پر سیاسی عزائم کے تحت پابندیوں کی مخالفت کی اور افغانستان میں داعش کی افزائش کو ہمسائیہ ممالک کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے روسی وزیر خارجہ سرگے لیوروو کو پاکستان کے پر امن ہمسائیگی کے ویژن سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان مسائل کے پرامن حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا، دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان اور روسی رہنماؤں کے دوران ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال زیر غور آئی۔ دونوں ممالک کے مابین اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔


متعلقہ خبریں