پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کی تلاش کے لیے پینل تشکیل دے دیا

پی سی بی (PCB)

پاکستان کرکٹ بورڈ میں جاری مختلف منصوبے روک دیئے گئے


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی منیجمنٹ کی تلاش کے لیے 5 ارکان پر مشتمل پینل تشکیل دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر بازید خان،  بی او جی ممبر اسد علی خان ، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان پینل میں شامل ہیں۔

پینل ہیڈ کوچ، بولنگ، بیٹنگ اورسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کے لیے جمعرات کو امیدواروں کے انٹرویوز کرے گا۔

بعد ازاں پینل سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھیجے گا جس کے بعد مینجمنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی ڈین جونز، مصباح الحق سمیت کئی دیگر سابق کرکٹرز نے درخواست دی ہے جبکہ باولنگ کوچ کے لئے وقار یونس اور بیٹنگ کوچ کے لئے فیصل اقبال اور محمد وسیم نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

واضح رہے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کےکنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اعلامیے میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے اور یہ کمیٹی کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے۔

انہوں نے تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔

 


متعلقہ خبریں