‘وسیم اکرم مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے حامی تھے’


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وسیم اکرم عالمی کپ 2019 کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کا حصہ تھے۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان وسیم اکرم نے مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے پر دلائل کے ساتھ زور دیا گو کہ ان کے علاوہ کمیٹی میں موجود دیگر ارکان جن میں مصباح الحق، عروج ممتاز، مدثر نذر اور ذاکر خان بھی اسی سوچ کے قائل تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کمیٹی کی تجاویز سامنے آنے سے قبل مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کے حامی تھے۔

یاد رہے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کےکنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اعلامیے میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے اور یہ کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے۔

انہوں نے تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔

 


متعلقہ خبریں