سینیٹ انتخابات، پنجاب کی 12نشتوں پر 20 امیدوار مدمقابل ہوں گے


کراچی:پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے لیے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ نہال ہاشمی کی خالی نشست پر کل 21 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار میدان میں ہوں گے۔

سینیٹ کی جنرل نشست پر ن لیگ کے ڈاکٹر آصف کرمانی، رانا مقبول، رانا محمود الحسن، شاہین خالد بٹ، زبیر گل، ہارون اختر خان اور مصدق ملک میدان میں ہوں گے۔

پیپلزپارٹی کے شہزاد علی خان، تحریک انصاف کے چوہدری سرور اور ق لیگ کے کامل علی آغا مدمقابل ہوں گے۔

سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار، حافظ عبدالکریم، نصیر احمد بھٹہ، تحریک انصاف کے ملک آصف جاوید اور پیپلزپارٹی کے محمد نوازش علی خان مد مقابل ہوں گے۔

خواتین کی مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی عندلیب عباس، مسلم لیگ ن کی نزہت صادق اور سعدیہ عباسی حصہ لیں گی۔

اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے کامران مائیکل اور تحریک انصاف کے وکٹر عذرایا میں مقابلہ ہوگا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کی سینیٹ کی خالی ہونے والے نشست پر یکم مارچ کو مقابلہ ہوگا جب کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 21 فروری ہے۔

نہال ہاشمی کی نشست پر تین امیدوار میدان میں ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے اسد خان، میاں مرغوب اور تحریک انصاف کے زرقا تیمور شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں