پاکستان مہنگا ڈیزل فروخت کرنے والا دوسرا بڑاملک


اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان مہنگا ہائی اسپیڈ ڈیزل فروخت کرنے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

دوسری طرف پاکستان کم قیمت پٹرول فروخت کرنے والا بھی دوسرا ملک ہے۔

گلوبل پٹرولیم پرائسز نامی ویب سائٹ کے مطابق ڈیزل فروخت کرنے میں بھارت  114 روپے فی لیٹر کے ساتھ پہلے نمبر پر جب کہ پاکستان میں 96.82 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش، بھوٹان اور افغانستان میں پاکستان کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کم قیمت میں فروخت کی جا رہی ہیں۔

افغانستان کم قیمت پٹرول فروخت کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ جہاں پٹرول 72 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں پٹرول کی قیمت 84 روپے فی لیٹر ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق تجارتی صنعتی اور نقل و حمل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے  جنوبی ایشیائی ممالک بھاری مقدار میں تیل درآمد کرتے ہیں۔

پاکستان اپنی ضرورت کا 70 فیصد درآمد کرتا ہے۔ باقی ضروریات مقامی پیداوار سے پوری کی جاتی ہیں۔

تمام جنوبی ایشیائی ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا زیادتی ٹیکسز اور سبسڈی کی فراہمی سے دیکھنے میں آتی ہے۔ حکومت افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے قیمتوں پر ٹیکس عائد کرتی ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کی قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح سے متعلق وزارت پٹرولیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے ٹیکسز کی شرح میں اضافہ اپنی ضروریات کو پورا کرنے اور معاملات کو آسانی سے چلانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں عوام سے ٹیکسز کی مد میں پٹرول پر 34 روپے اور ڈیزل پر 40 روپے منافع وصول کیا جاتا ہے۔

پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 50 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ پیٹرول پمپ مالکان کو 84 روپے 51 پیسے فی لیٹرمیں فراہم کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں