بھارت طاقت کے بل پر زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا، ملیحہ لودھی

بھارت طاقت کے بل پر زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا، ملیحہ لودھی

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی اقدام نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ  سلامتی کونسل خطے کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے فوری اقدامات کرے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات  نیو یارک میں سلامتی کونسل کی صدر یوآنا ورونیکا (Joanna Wronecka) سے ملاقات کے دوران کہی۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، وزیراعظم کا محمد بن سلمان کو ٹیلی فون

پاکستانی مندوب نے ملاقات کے دوران سلامتی کونسل کی صدرکو تفصیل سے بتایا کہ بھارت نے کس طرح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے ان خطرات کی بابت بھی آگاہ کیا جو مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے سے لاحق ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھارتی اقدام پر پاکستانی مؤقف سے سلامتی کونسل کی صدر یوآنا ورونیکا کو آگاہ کیا اور واضح کیا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کی جانے والی یکطرفہ قانون سازی سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا ہے۔

‘خطے میں امن کے لیے کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردوں کی تعمیل ضروری ہے’

پاکستان کی مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کی صدر پر واضح کیا کہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا اور بھارتی تسلط کو ختم کرانا سلامتی کونسل اورعالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔


متعلقہ خبریں