8اگست کی پیشی: نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ بھجوادیا

مریم نواز آج اپنی سالگرہ نہیں منائیں گی

فائل فوٹو


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آٹھ اگست کی پیشی کیلئے  مسلم لیگ ن کی نائب صدر اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سوالنامہ بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ مریم نواز سے چوہدری شوگر ملز کے شیئرز، ٹرانسفر اور خرید وفروخت کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں ، دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں6 دفعہ بلانے کے باوجود عدم حاضری پر احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔

قومی احتساب بیورو کی طرف سے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو بھیجے گئے سوالنامے کی کاپی ہم نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ سوالنامے میں مریم نواز سے انیس سو پچانوے سے لیکر اب تک چوہدری شوگر ملز کے تمام شیئرز کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ٹرانسفر اور خرید فروخت کی سالانہ تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

نیب نے مریم نواز سے تین غیرملکیوں سے بارہ لاکھ کے شئیرز خریدنے اور شمیم شوگر ملز میں سرمایہ کاری کے لیے رقم کے ذرائع  بھی مانگے ہیں۔  مریم نواز سے بیرون ملک سے آنیوالی تمام ترسیلات اور ٹی ٹیز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کیلئے چھ بار بلانے کے باوجود پیش نہ ہونے پرلاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادےسلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ  بھی گرفتاری جاری کر دئیےہیں۔

نیب نے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے بھی احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


متعلقہ خبریں