پنجاب میں بڑی تعداد میں طلبا کے اسکول چھوڑنے کا انکشاف

 تعلیمی سیشن کے دوران متعدد گورنمنٹ مسجد مکتب اسکول بند کر دیے گئے

لاہور: صوبہ پنجاب کے 180 سرکاری اسکولوں میں طلبا کی بڑی تعداد کے اسکول چھوڑ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان تمام اسکولوں میں طلبا کے اسکول چھوڑنے کی شرح 50 فیصد سے زیادہ ہے، فیصل آباد کے 8، سرگودھا کے 13، لاہور کے 8، قصور کے 11، منڈی بہاالدین کے 9، نارووال کے 20، سیالکوٹ کے 12، شیخوپورہ کے 14 اسکولوں کے 50 فیصد سے زائد طلبہ چھوڑ چکے ہیں۔

اسی طرح صوبے بھر کے 82 سرکاری اسکولوں میں میٹرک کے امتحانات میں طلبا کی بڑی تعداد کے فیل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، خراب کارکردگی میں میانوالی اور راولپنڈی سب سے آگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق میانوالی کے 9 اور راولپنڈی کے 14 اسکولوں میں طلبا کی بڑی تعداد فیل ہو گئِی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب صوبے کے سرکاری اسکولوں کے خراب نتائج پر متحرک ہو گیا ہے اور پیر سے طلبا کے اسکول چھوڑنے اور خراب نتائج والے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو طلب کر لیا ہے گیا ہے، یہ عمل 9 اگست تک جاری رہے گا۔

اس ضمن میں 33 اضلاع کے سرکاری اسکولوں کے سربراہ محکمے کے سامنے پیش ہوں گے، خراب کارکردگی اور طلبا کے اسکول چھوڑ دینے والے تعلیمی اداروں کے سربراہان کی ترقیاں اور تنخواہوں میں اضافہ روکا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمے کو مطمئن نہ کرنے والے اسکول سربراہوں کو معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں