کراچی کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم


کراچی : شہر قائد میں بارش کے باعث کراچی الیکٹریک (کے ای) کا ترسیلی نظام ایک بار پھر خراب ہونے سے شہر کے ستر فیصد رہائشی علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق نیو کراچی،  نارتھ  کراچی، ایف بی ایریا،  لیاقت آباد،  گلستان جوہر، گلشن اقبال کورنگی، اورنگی،  صدر اور ملیر کے علاقوں میں صبح چھ بجے سے بجلی غائب ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں صبح چھ بجے سے بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ڈائریکٹر میٹ نے بتایا کہ شہر قائد میں مزید دو روز تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ادھر ہلکی بارش میں انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔

کراچی کے اکثر علاقوں کے نالوں کی صفائی برائے نام کی گئی، گند کچرا اور ملبہ سڑکوں پر ہی چھوڑ دیا گیا۔

ملیر سعود آباد میں نالوں کا کچرا سڑکوں پر موجود ہے جبکہ بڑے نالوں کی بروقت صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے نالے کچروں کے ڈھیر سے بھرے ہیں۔

موسلا دھاربارش سے نالوں کا پانی بیک پریشر مارے گا جس سے اطراف میں موجود گھروں سڑکوں اور علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشگی الرٹ پر بھی مشینری حرکت میں نہیں آئی جبکہ وزیر بلدیات ،مئیر کراچی ڈی ایم کے اہل کار بھی موقع سے غائب ہیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں