احتساب عدالت نے مریم نواز کی طلبی کا سمن بھجوادیا

احتساب عدالت نے مریم نواز کی طلبی کے لیے سمن بھجوادیا

اسلام آباد: احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی طلبی کے سمن نیب کو بھجوا دیے ہیں۔ نیب لاہور سمن کی تعمیل کرائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق ذمہ دار ذرائع کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے لیے جاری کردہ سمن کی تعمیل آج (بروز بدھ) ہی کرائی جائے گی۔

نواز شریف پر گھر کے کھانے کی پابندی: مریم نواز کی بھوک ہڑتال کی دھمکی

ایون فیلڈ ریفرنس (لندن فلیٹس) میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے حوالے سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 جولائی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جاری کردہ سمن میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں 19 جولائی 2019 کو پیش ہوں۔

مریم نواز شریف نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں عوام الناس سے رائے طلب کی تھی کہ انہیں مشورہ دیا جائے کہ وہ نیب عدالت جائیں یا نہ جائیں؟

مریم نواز کا دعویٰ تھا کہ پریس کانفرنس کے بعد گھبراہٹ میں حکومت نے ان کے خلاف ایک اور مقدمہ قائم کردیا ہے۔

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر مریم نواز کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

’تھینک یو ویری مچ‘ مریم نواز نے جج ارشد ملک کا شکریہ ادا کر دیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب حکام کا استدلال ہے کہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پرمریم نواز، نیب آرڈی ننس کی سیکشن تھری اے کی مجرم قرار پاتی ہیں جس کے تحت پانچ سال کی سزا ہے۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سال چھ جولائی کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں بالترتیب دس سال اور سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں