لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ ہمیں بہت مہنگا پڑا اور اسی کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہوئے۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی تاہم سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنا بدقسمتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ ہارنے کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کھیلے کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لائے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد دو ماہ کا وقفہ ہے، ہمیں ٹیم پر کافی کام کرنے کی ضرورت ہے، جب ٹیم جیت رہی ہوتی ہے تو سب ٹھیک نظر آرہا ہوتا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف جیت کا سہرہ بلے بازوں امام الحق، بابر اعظم اور حارث سہیل کو جاتا ہے جبکہ بولرز میں محمد عامر، شاداب خاب، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی نمایاں رہے۔
پاکستانی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح شاہین نے گیند بازی کی وہ زبردست ہے، انہوں نے جس تسلسل سے بولنگ کی وہ قابل دید ہے۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ شاہین کی بنگلہ دیش کے خلاف پرفارمنس شاندار رہی۔