سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں دوبارہ پولنگ روک دی

بی این پی اور ایم ایم اے نے رابطہ کیا ہے، شاہ زین بگٹی|humnews.pk

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی ہے، پولنگ جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی کی درخواست پر روکی گئی ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس گلزار احمد نےپوچھا کیا یہ کیس دو ممبر بنچ سن سکتا ہے؟سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ممعاملات تین ممبر بنچ ہی سن سکتا ہے۔  درخواست گزار نے تو انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں۔ کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ری پولنگ ہو سکتی ہے؟

مخالف فریق طارق کھتران کے وکیل  عامر رانا نے کہا کہ 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کیلئے شیڈول جاری ہو چکا ہے،آئندہ ہفتے میں پولنگ ہونی ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کیا آپ چاہتے ہیں درخواست غیر موثر ہو جائے؟

شاہ زین بگٹی کے وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے۔ بحالی نہ ہوئی تو حلقہ نمائندگی کے بغیر رہ جائے گا۔ 1221 ووٹوں کی شاہ زین بگٹی کی لیڈ ہے۔مخالف کی بات مان بھی لی جائے تو بھی سو ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گا، گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کر کے فیصلہ کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا

عدالت نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی 2018کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کا نوٹیفیکیشن 2جولائی کو  واپس لے لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے 29 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ 15 جولائی کو صبح 8 سے شام 5 تک ہونا تھی۔


متعلقہ خبریں