مورگن کے عتاب کا شکار راشد خان ون ڈے کرکٹ کے دوسرے مہنگے ترین بولر

افغانستان کے راشد خان

انگلینڈ کے خلاف عالمی کپ 2019 کے ایک میچ میں افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر اور اپنے کم اکنامی ریٹ کی وجہ سے مشہور راشد خان کی بلے بازوں نے جم کر پٹائی کی۔

راشد خان نے اپنے 9 اوورز میں 110 رنز دیے جس کے بعد وہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے گیند بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اس فہرست میں پہلا نمبر آسٹریلوی گیند باز مک لوئس کا ہے جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 113 رنز دیے تھے۔

مزید پڑھیں: پوائنٹس ٹیبل: افغانستان کو شکست دیکر انگلینڈ پہلے نمبر پر

اس فہرست میں تیسرے نمبر پاکستانی گیند باز وہاب ریاض موجود ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 110 رنز دیے تھے۔ میزبان ٹیم نے اس میچ میں 444 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا۔

فہرست میں چوتھے نمبر پر بھارتی گیند باز بھنیشور کمار موجود ہیں جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے مقررہ 10 اوورز میں 106 رنز دیے تھے۔

فہرست میں سری لنکا کے نووان پرادیپ پانچویں، زمبابوے کے ویٹوری چھٹے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کے اسنائیڈن، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور بھارت کے ونے کمار اس فہرست پر آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں