دنیائے کرکٹ کا مہنگا ترین کوچ کون؟


دنیا کے تمام کرکٹ بورڈز کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسے کوچز کا انتخاب کریں جو ان کی ٹیم کی صلاحیتوں کو اس کھیل کے جدید تقاضوں سے کھلاڑیوں کو ہم اہنگ کر سکیں۔

اس تناظر میں کرکٹ بورڈز بھاری تنخواہوں پر ملکی و غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ٹیموں کے کوچز کتنی تنخواہ لیتے ہیں اس حوالے سے فہرست مندرجہ ذیل ہے۔

10: لال چند، کوچ زمبابوے کرکٹ ٹیم

زمبابوے کی کرکٹ زبوں حالی کا شکار ہے اور کئی دہائیوں کے بعد عالمی کپ کے مقابلوں میں زمبابوے کی ٹیم شریک نہیں ہے۔

مشکل کی شکار زمبابوین ٹیم کی بہتری کے لئے بورڈ نے لال چند کی خدمات حاصل کی ہیں، لال چند تقریباً 77 لاکھ پاکستانی روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔

9: فلویڈ ریفر، کوچ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم

سیاست اور تنازعات میں گھرے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دو مرتبہ کی عالمی چمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز کی بہتری کے لئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے ماہانہ  پر کوچ فلویڈ ریفر کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں۔

8: اوٹسن گبسن کوچ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ اوٹسن گبسن ماہانہ دو کروڑ 20 لاکھ روپے بورڈ سے وصول کر رہے ہیں۔

7:اسٹیو روڈز کوچ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم

عالمی کپ 2019 میں بنگلہ دیش کی ٹیم ایک منفرد ہی رنگ میں دکھائی دے رہی ہے، ٹیم کی اس اعلیٰ کارکردگی کا سہرا ان کے کوچ اسٹیو روڈز کے سر جاتا ہے۔

دو کروڑ 60 لاکھ روپے ماہانہ پر کام کرنے والے اسٹیو روڈز کا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ 2020 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ تک ہے۔

6: مکی آرتھر، کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم نے کوچ مکی آرتھر کے زیر سایہ کئی اہم سنگ میل عبور کئے، پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کو نمبر ون بنانا، نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم بنانا اور چمپئنز ٹرافی جیتنا ان کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

مکی آرتھر پاکستان کرکٹ بورڈ سے ماہانہ تقریباً ساڑھے تین کروڑ روپے وصول کر رہے ہیں.

5: گیری سٹیڈ، کوچ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم

عالمی کپ 2019 میں گیری اسٹیڈ کی کوچنگ میں نیوزی لینڈ کی کارکردگی اب تک بہترین رہی ہے، جو تقریباً چار کروڑ روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔

4:چندیکا ہاتھوروسنگھ ، کوچ سری لنکن کرکٹ ٹیم

سری لنکا کی کارکردگی حالیہ کچھ سالوں سے بہت ابتر رہی ہے، کرکٹ میں بہتری کے لئے بورڈ نے چندیکا ہاتھوروسنگھ کی خدمات  تقریباً چار کروڑ 70 لاکھ روپے ماہانہ پر حاصل کی ہیں۔

3: ٹریوس بےلس، کوچ انگلینڈ کرکٹ ٹیم

ون ڈے کرکٹ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کی کوچنگ ٹریوس بےلس کے سپرد ہے جو بورڈ سے ماہانہ آٹھ کروڑ 10 لاکھ روپے تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔

2: جسٹن لینگر، کوچ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم

آسٹریلیا ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر بورڈ سے ماہانہ 10 کروڑ روپے تنخواہ وصول کرتے ہیں۔

1: روی شاستری، کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم

عالمی کپ 2019 کی سب سے فیورٹ ٹیم بھارت کی کوچنگ روی شاستری کے سپرد ہے جوماہانہ تقریباً 19 کروڑ روپے معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں