’عمران خان پیچھے سے وار کرنے کا عادی ہے‘


ظفر وال: مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک اب تنزلی کی طرف جا رہا ہے اور آج کوئی بھی غریب پرسکون زندگی نہیں گزار رہا۔

مریم نواز نے ظفر وال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس دن نواز شریف کو کرسی سے ہٹایا گیا تو ملک تباہ ہو گیا۔ موجودہ بجٹ میں عوام پر قیامت برپا کر دی گئی۔ ملک میں ریڑھی بان سمیت کوئی بھی خوش نہیں ہے کیونکہ بجٹ میں ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں ایک دن میں 2، 2 دھماکے ہوتے تھے لیکن نواز شریف کی ہی کوششوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔ نواز شریف کے دور میں ہی ملک بھر میں سڑکوں کے جال بجھائے گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو اقامہ جیسے مذاق پر وزیر اعظم کی کرسی سے ہٹایا گیا۔ عمران خان کہتا ہے میں کسی کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا نیب کر رہا ہے لیکن نیب کو علیمہ باجی اقرار جرم کے باوجود کیوں نظر نہیں آ رہی۔ نواز شریف کے خلاف گاڑیوں کا مقدمہ بنانے والوں کو چاہیے تھا کہ ایک مقدمہ نواز شریف کی کرسی پر بھی بنا دیتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پیچھے سے چھپ کر وار کرنے کا عادی ہے۔ اس میں اتنی جرات ہے تو سامنے آکر کہے کہ میں نے نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف مقدمات قائم کیے۔ جس شخص نے سازشیں کرنا سیکھا وہ قانون اور عوام کا سامنا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اشتہار ہوتے ہوئے نواز شریف کے خلاف درخواستیں لے کر عدالتوں میں جا رہا تھا ججز پر دباؤ ڈالتا تھا لیکن کسی میں اتنی جرات نہیں تھی کہ اس اشتہاری پر کوئی ہاتھ ڈالتا۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ 300 کنال کے گھر میں رہنے والا وزیر اعظم صرف ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے لیکن غریب عوام کے دودھ پیتے بچے سے بھی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس ملک میں صرف غریبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس انسان نے کبھی اپنے ہاتھ سے کما کر نہ کھایا ہو اور جس کے خاندان نے کبھی کوئی کاروبار نہیں کیا ہو، کیا نیب میں اتنی جرات ہے کہ عمران خان کے خلاف اثاثوں سے زائد کا مقدمہ بنائے ؟ عمران خان نے باکردار اور ایماندار جج کے خلاف ہی ریفرنس بنوا دیا۔ عمران خان میں اتنی جرات ہے تو سامنے آکر کہے کہ جج کے خلاف ریفرنس میں نے بنایا۔

مریم نواز نے کہا کہ بنی گالا کا گھر تو بغیر این او سی کے بنا لیکن کسی میں اتنی جرات نہیں کہ اسے مسمار کرے۔ یہاں تو صرف غریبوں کے ہی گھر مسمار کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں