اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے آج مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت دی ہے کہ وہ ان کے پاس آئیں تاکہ انہیں سائنسی طور پر چاند کی گردش کے بارے میں تفصیل سے بتایا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ مولانا منیب الرحمن اور شہاب الدین پوپلزئی کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ وہ خود دیکھیں کہ چاند کیسے گردش کرتا ہے اور یہ سمجھ سکیں کہ سائنسی طور پر چاند کے اصل مقام کا تعین کسقدر آسان کام ہے۔
مولانا منیب الرحمن اور شہاب الدین پوپلزئ کو دعوت بھجوا رہے ہیں کہ وہ تشریف لائیں اور خود دیکھیں کہ چاند کیسے گردش کرتا ہے اور سائنسی طور پر کیوں یہ انتہائ آسان ہے کہ چاند کے اصل مقام کا تعین ہو سکتا ہے اور اس کیلئے بہت پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں ۔۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 20, 2019
یاد رہے کہ فواد چوہدری اور مفتی منیب الرحمان قیام پاکستان میں علما کے کردار اور چاند دیکھنے کے معاملے پر آمنے سامنے آ گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:قیام پاکستان میں علما کا کردار:مفتی منیب کا فواد چوہدری کو جواب
مفتی منیب الرحمان نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پرجوش وزرا کو تاریخ پاکستان کا مطالعہ کرنے کا حکم صادر فرمائیں۔
قبل ازیں فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا یہ فیصلہ کہ ملک کیسے چلنا ہے مولانا پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اس رو سے پاکستان کا قیام ہی عمل میں نہ آتا کیونکہ تمام بڑے علما تو پاکستان کے قیام کے مخالف تھے اور جناح صاحب کو کافر آعظم کہتے تھے۔