آشیانہ کیس:شہباز شریف کی حاضری سے استثنی کی استدعا،فیصلہ محفوظ



سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت  میں شہبازشریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی طرف سے 2ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی تھی ۔

شہباز شریف بیرون ملک ہو نے کے باعث جبکہ حمزہ شہباز بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔

عدالت نےکیس کے ملزمان  شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سمیت گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر رکھا تھا۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتای اکہ میرے موکل کی حاضری سے استثنی کی درخواست ہے۔ شہباز شریف نے میڈیکل بنیاد پر حاضری سے استثنی کی استدعا کی ہے۔ انہیں دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنی دیاجائے۔

عدالت نے استفسار کیا کیا آپ اس بات کی یقین دہانی کروا سکتے ہیں کہ وہ دو ہفتے بعد عدالت میں پیش ہو جائینگے؟

امجد پرویز نے عدالت کو جواب دیا کہ جی امید کی جاتی ہے کہ وہ علاج کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف  کی حاضری سے استثنی  کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ وہ  گزشتہ تین سماعتوں سے عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو رہے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا اگر میں انکی حاضری معافی کی درخواست خارج کرتا ہوں تو کیا بھر شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں؟

ایک موقع پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ عدالتیں خالی کیوں ہیں؟نیب کورٹ کے ججز کیوں نہیں ہوتے کہیں جا رہےہیں؟

یہ بھی پڑھیے:آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل، شہباز شریف پر فرد جرم عائد

اسی طرح عدلت نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے مکالمے میں کہا کہ اتنے سارے وکیل کیوں آ جاتے ہیں شہباز شریف کی پیشی پر؟جو کیس کے متعلقہ کونسل ہیں صرف وہی بولیں، باقیوں کو بولنے کی ضرورت نہیں ہے،  ورنہ میں لکھ دونگا کہ 50 وکیل کیس کی پیشی کے موقع پر آئے۔

عدالت نے شہبازشریف کی حاضری  سے استثنی کی  درخواست پر فیصلہ محفوظ کر تے ہوئے کیس کی سماعت مزید کاروائی کے لیے 25 مئی تک ملتوی کر دی ۔

یاد رہے لاہور کی  احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پررواں سال 18فروری کو  فرد جرم عائد کر دی تھی۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں فرد جرم عائد کی تھی۔


متعلقہ خبریں