راجن پور: موٹر سائیکل کے تنازع پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق


راجن پور کے علاقے کچہ میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق تنازع ایک موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعد پیش آیا جس کے دوران شہباز، کریم، عبدالشکور، نذر اور قطب علی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور: شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ، چھ افراد زخمی

زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ راجن پور ہی میں رشتے کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال راجن پور منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں بھائی نے دو بہنوں پر فائرنگ کرکے خودکشی کرلی

پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں پسند کی شادی کرنے والا مجید، اس کی والدہ شامل ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تین سال قبل مجید اور فرزانہ نے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے خاندان کو رنج تھا، مبینہ طور پر لڑکی کے رشتہ داروں نے مجید کے گھر پر فائرنگ کی۔


متعلقہ خبریں