مکی  آرتھر نے ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا



ورلڈ کپ سے پہلے کارکردگی دیکھانے کے لیے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھا دیا گیاہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی  آرتھر نے ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ورلڈکپ  اسکواڈ میں شامل کرنے  کے  حق میں ہیں۔ 

ورلڈکپ میں شریک ٹیموں  میں تئیس  مئی تک تبدیلیاں کی جاسکتی  ہیں۔ہیڈکوچ مکی آرتھر نے ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے۔ 

مکی آرتھر کے اس عندیے  کے بعد کھلاڑیوں پرانگلینڈ سیریز میں کارکردگی دکھانے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔  چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے محمد عامر 101 اوورز میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کرسکے ہیں لیکن کوچ اب بھی ان کو ورلڈکپ کی ٹیم میں دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ 

مکی آرتھرکہتے ہیں  محمد عامر ردھم میں ہے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں  کارکردگی دکھا کرخود کوورلڈ کپ اسکواڈ کااہل ثابت کرسکتے ہیں ۔ورلڈکپ میں شریک تمام ٹیموں کو 23 مئی تک تبدیلیوں کی اجازت ہے۔

محمدعامر کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنانے کے لیے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پرامید ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم  کے پاس اس حوالے سے 3 آپشنز موجود ہیں۔انگلینڈ کے خلاف سیریز میں محمد حسنین سمیت کسی  بھی فاسٹ باؤلر کی کارکردگی اچھی نہ رہی تو بھی محمد عامر ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرلیے جائینگے۔

 بلے بازوں کی کارکردگی اوپر نیچے ہونے کی صورت میں کوچ کے فیوریٹ  آصف علی  بھی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم نے تیسرے روز بھی پریکٹس سیشن میں بھرپور شرکت کی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پریکٹس سیشن کے تینوں روز بہت زبردست رہے۔ قومی ٹیم اپنا پہلا پریکٹس میچ آج کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیے:قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے لندن پہنچ گئی

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔کھلاڑیوں کو بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی ٹریننگ کرائی گئی۔

کوچ مکی آرتھر نے باولرز کو بھی فیلڈنگ کی تربیت دی۔محمد حفیظ نے تیسرے روز بھی پریکٹس کی اور نیٹ پر باولنگ بھی کرائی۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں سردی زیادہ ہے مگر کھلاڑی جلدی موسم سے حساب سے خود کو ایڈجسٹ کر لیں گے۔

محمد حفیظ کا فٹ ہونا خوش آیند ہے۔ ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ پریکٹس میچ میں اپنے فل کمبینیشن کے ساتھ اتریں گے۔قومی ٹیم اپنا پہلا پریکٹس میچ کینٹ کاونٹی کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا۔ افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ سرفراز احمد کی قیادت میں ویسٹ انڈیزکے خلاف 31 مئی کوکھیلے گی۔ پاکستان کا اپنے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہو گا۔


متعلقہ خبریں