عمران خان بتائیں جن لوگوں کے نام پر ووٹ حاصل کئے انہیں کیوں ہٹایا، عامر حسن



اسلام آباد: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) عامر حسن نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے مگر پی ٹی آئی کے وزرا ان کے ترجمان بن کر اپوزیشن پر الزامات لگانے میں مصروف ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آمرانہ سوچ رکھتی ہے اور اس لئے یہ لوگ صدارتی نظام لانے اور اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے در پے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن ناموں پر لوگوں سے ووٹ حاصل کئے بتایا جائے کہ آج نو مہینے کے بعد انہیں کیوں ہٹایا گیا۔

دودھ کی رکھوالی کے لئے بلے کو نہیں بٹھا سکتے، شوکت بسرا 

رہنما پاکستان تحریک انصاف شوکت بسرا نے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ جو پنجاب اسمبلی کا قائد حزب اختلاف ہو گا اسے پی اے سی کا چیئرمین بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ دودھ کی رکھوالی کے لئے بلے کو نہیں بٹھا سکتے، حمزہ شہباز پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں ایسے شخص کو پی اے سی کا چیئرمین کیسے بنا دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی باتیں ن لیگ والوں کے منہ سے اچھی نہیں لگتی، حمزہ شہباز پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں اور وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ شہباز شریف ڈر کر باہر بھاگ گئے ہیں۔

چوہدری نثار سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے کہ انہیں کون سا عہدہ دینا ہے، آج پنجاب کابینہ کے اجلاس میں تمام کابینہ نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی تسلیم کرتی ہے کہ اسد عمر ناکام ہوئے، افنان اللہ

رہنما مسلم لیگ ن افنان اللہ نے کہا کہ گزشتہ سات آٹھ سالوں سے کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے 110 ارب خرچ کرنے کے باوجود ان سے ایک میٹرو نہیں بن سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حمزہ شہباز کو اس لئے پی اے سی کا چیئرمین شپ نہیں دینا چاہتے تاکہ ان کی کرپشن کو کوئی پکڑ نہ سکے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت دو چورن بیچ رہی کہ جمہوریت بری ہے اور دوسرا چورن کہ عمران خان صاف ستھرے ہیں اور دیگر اپوزیشن کرپٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں نے ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے اپنا پیسہ وائٹ کروایا بتایا جائے کہ ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تسلیم کرتی ہے کہ اسد عمر ناکام ہوئے ہیں، جن کو لانے کے لئے اتنا شور مچایا جاتا تھا آج انہیں نو مہینے کے بعد باہر کر دیا۔


متعلقہ خبریں