اسلام آباد: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شہری کا مسئلہ حل نہ کرنے پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چار افسران معطل کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق معطل کیے گئے چار افسران میں سے ڈائریکٹر سی ڈی اے فرید الدین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عنایت اللہ کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آفس نے سٹیزن پورٹل پر شہری کی شکایت پر ایکشن لیا اور چاروں افسران کو معطل کردیا۔
ذرائع کے مطابق شہری کو ایک سال سے درخواست کے باوجود پلاٹ کا قبضہ نہیں دیا جا رہا تھا۔ متاثرہ شخص شباب نے ہمک ماڈل ٹاؤن پر موجود پلاٹ کے قبضے کے لیے درخواست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سیٹزن پورٹل میں انوکھی شکایت
ذرائع نے انکشاف کیا کہ سی ڈی اے افسران نے شہری کو قبضہ دلوانے کے لیے رشوت مانگی جس پر اس نے افسران کے خلاف وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایت کی۔
وزیراعظم نے چھ ماہ قبل ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا افتتاح کیا تھا
وزیراعظم عمران خان نے چھ ماہ قبل ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا افتتاح کیا تھا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اس نظام سے سرکاری اہلکاروں پر بہتر کارکردگی کے لیے دباؤ بڑھے گا جبکہ شکایتی پورٹل پر سمندرپار پاکستانی بھی رابطہ کرسکیں گے، اس سے پالیسی سازی میں بھی آسانی ہوگی۔
سٹیزن پورٹل کیا ہے؟
اس پورٹل کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواسکتے ہیں۔ جبکہ متعلقہ محکموں سے عوامی شکایات کا ازالہ کرانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیراعظم آفس سے کی جارہی ہے۔
پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص اپلیکیشن کے ذریعے حکومتیاداروں تک اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں۔
پاکستان سیٹیزن پورٹل کے قیام کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا ہے۔