پنجاب: اساتذہ کے ٹرانسفرز کے لیے آن لائن پورٹل متعارف


لاہور: پنجاب حکومت نے اساتذہ کے ٹرانسفر کے لیے آن لائن پورٹل متعارف کروا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے حکومتیں اساتذہ کے تبادلے کے لیے مؤثر نظام بنانے سے قاصر رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اساتذہ کی آسانی اور ان کو دفاتر کے چکروں سے بچانے کے لیے ای ٹرانسفر پورٹل متعارف کرایا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ انشاءاللہ اس پورٹل سے اساتذہ کے تبادلے میں مزید شفافیت آئےگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ای ٹرانسفر پورٹل سے رشوت اور سفارش کلچر کا بھی خاتمہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

اس پورٹل کو قائم کرنے کا فیصلہ پنجاب حکومت نے رواں سال مارچ میں کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کروڑوں کی تعداد میں بچے اسکول نہیں جاتے۔

گزشتہ سال جولائی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو کروڑ 28 لاکھ سے زائد بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں بچوں کے اسکول نہ جانے کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور اس کے بعد نمبر قبائلی علاقوں کا ہے۔

بلوچستان میں 70 فیصد، قبائلی علاقوں میں 57 فیصد جبکہ سندھ میں 52 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔

پنجاب میں 40 فیصد، خیبرپختونخوا میں 34 فیصد، آزاد کشمیر اور گلگت بلستان میں 47 فیصد جبکہ اسلام آباد میں 12 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔

عثمان بزدار کے ٹوئٹ میں اساتذہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایس آئی ایس ایپ ڈاؤن کی جائے۔ اس ایپ کو یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں