پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین جنگ لڑنے والی فوج ہے، علوی



راولپنڈی: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کو درپش تمام چیلنجز سے بخوبی آگاہ
ہیں، پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین جنگ لڑنے والی فوج ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ وہ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامے کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایک سو انتالیس ویں پی ایم اے لانگ کورس نویں مجاہد کورس کے کیڈٹس نے حصہ لیا جبکہ 58ویں انٹیگریٹڈ کورس اور چودہویں لیڈی کیڈٹ کورس نے بھی تربیت مکمل کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹ بھی شامل تھے، صدر عارف علوی نے نمایاں کارکردگی کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔

تقریب میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران، ڈپلومیٹس، کیڈٹس کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج پاس ہونے والے کیڈٹس دنیا میں سب سے زیادہ جنگی مہارت، تربیت یافتہ، اور جذبہ سے سرشار فوجیوں کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں قوم آپ پر مکمل اعتماد رکھتی ہے، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے آپ کو پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا ہوگا۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے باعزت اور برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہاں ہے۔


متعلقہ خبریں