نیب سے نہیں ڈرتا، یلغار سے 12اکتوبر کی یادتازہ ہوئی،حمزہ شہباز



لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نیب سے نہیں ڈرتا لیکن ملک کے معاشی حالات دیکھ کر ڈرلگتا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے گرفتار نہ کیے جانے کے احکامات کے بعد اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کسی کی جیت یا ہارنہیں ہوئی ہے، آج ملک میں قانون کی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں پر تشدد کیا لیکن انہوں نے سامنا کیا، یہ مسلم لیگ ن کے کارکن نہیں بلکہ میرا خاندان ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ میں نیب سے نہیں ڈرتا۔ پاکستان کے معاشی حالات ڈرا رہے ہیں کہ ڈالر تاریخ میں سب سے زیادہ گرگیا ہے۔ عالمی ادارے بھی پاکستانی معشیت کے کباڑہ ہونے کی بات کررہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ شہباز شریف نے مثیاق معیشت کی پیشکش کی تھی لیکن وہاں سے جواب میں چور اور ڈاکو کے نعرے ملے، سیاسی لڑائیوں کے لیے زندگی پڑی ہے۔ ملک کی معیشت کی فکر کریں۔ بھارتی جنگی جنون پر بھی اپوزیشن نے حکومت کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ چور ڈاکو، جیلیں سن سن کر عوام تنگ آچکے ہیں، جھوٹ بولنا چھوڑ دو، غریب آدمی کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہیں، ان کے پاس کھانے کو روٹی نہیں ہے اس بھوک کو محسوس کرو۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا،نیب ٹیم واپس روانہ

حمزہ شہباز نے کہا کہ میرے والد اور تایا نے قانون کی پاسداری کی، احتساب عدالت کے فیصلے پر نواز شریف شدید ترین بیمار بیوی کو چھوڑ کر قانون کے احترام میں واپس آئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین کو جواب نہیں دینا چاہتا بلکہ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں قانون کا احترام کرتا ہوں، عدالت نے جتنی مجھے اجازت دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود نیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔ نیب نے عدالت میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز سب سے زیادہ تعاون کررہا ہے تو ایسے کون سے محرکات تھے کہ ایک دہشت گرد کی طرح کا مجھ سے سلوک کیا۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ عدالت کا احترام کرتا ہوں، قانون کی حکمرانی کے لیے عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ نیب کی ٹیم نے ہمیں گھروں میں محبوس کیا اور ہم پر زدوکوب کا بھی الزام لگایا۔ گھر پر نیب کی یلغار نے 12 اکتوبر کی یاد تازہ کردی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت کے لیے دھاندلی کے باوجود حلف لیا، پرویز مشرف کے احتساب کا دس سال سامنا کیا، سات ماہ اڈیالہ جیل کاٹی، میں گیڈربھبکیوں سے نہیں ڈرتا، جیسے نواز شریف کی قیادت میں اندھیرے ختم کیے ویسے ملک کے معاشی حالات بھی سدھاریں گے۔


متعلقہ خبریں