حمزہ شہباز نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا، فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز چاہتی ہے کہ قوم کا پیسا ان کی جیب میں جاتا رہے اور کوئی ان سے نہ پوچھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے خود کو گھر کے تہہ خانے میں چھپالیا ہے، گرفتار دو افراد نے بیان دیا ہے کہ وہ شریف فیملی کیلئے کام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اگر طاقت کا استعمال کرنا چاہے توکوئی انہیں نہیں روک سکتا، نیب افسران کے پاس قانون کی طاقت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں جس طرح ن لیگ نے آپریشن کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سیاست اورجرم میں فرق کریں، عوام کا لوٹا گیا پیسہ ہر صورت واپس لایا جائے  گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران چاہتے ہیں قانون ان کی مرضی کے مطابق چلے، ‏جب ان لوگوں پر ہاتھ ڈالتے ہیں تویہ جمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے ماڈل ٹاؤن میں آپریشن ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتاری کے لیے نیب کا چھاپہ: حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف مقدمہ درج

فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کے خاندان پر الزام ہے کہ انہوں نے بیرون ملک 85 ارب کی جائیداد بنائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب پہلے دھمکی دیتے ہیں پھر دو ڈھائی سال دبئی چلےجاتے ہیں، اتنی دھمکی دیں جسے برداشت کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی چوری بچانے میں لگی ہوئی ہے، یہ لوگ یا توپیسے واپس کریں یاجیل جائیں۔

مشیراطلاعات سندھ مرتضی وہاب کا ردعمل

مشیر اطلاعات سندھ نے فواد چوہدری کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ  فواد چودھری وفاقی حکومت کے ترجمان ہیں یا نیب کے۔ فواد چودھری کو بخوبی علم ہے کہ پیپلزپارٹی ہی ملک کی واحد عوامی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  تحریک چلائی تو فواد چودھری اور انکے بڑے بھی جان لیں گے۔فواد چودھری کو بدزبانی اور الزام تراشی پر نوبل انعام دیا جانا چاہئیے۔فواد چودھری پرویز مشرف کے خلاف ایک لفظ بولنے کے لئے تیار نہیں۔


متعلقہ خبریں