اسلام آباد:پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سندھ میں گرم رہنےکی پیش گوئی کی ہے۔ صوبہ سندھ میں دوپہر کے وقت گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل رہے گا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد رہا۔ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب میں صبح اور شام کے وقت موسم معتدل رہے گا جبکہ دوپہر میں درجہ حرارت بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا تاہم بلوچستان کے چند اضلاع پنجگور، کیچ اور گوادر میں موسم جزری طور پر ابر آلود رہنے امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سےزیادہ گرمی سندھ کے علاقے میٹھی اور حیدر آباد میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت بالترتیب 43 اور 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں پولن کی مقدار
موسم بہار کے آتے ہی وفاقی دارالحکومت میں پولن کی انتہائی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں پولن کی سب سے زیادہ مقدار اسلام آباد کے سیکٹر ایچ8 میں ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آبا کے سیکٹر ای8 میں 9176، ایف10 میں 5710، جی6 میں 8116 اور ایچ8 میں 40782 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے ہدایت جاری کی ہیں کہ متاثرہ علاقوں کے عوام روزانہ نیا ماسک استعمال کریں اور الرجی سے متاثرہ افراد بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔ میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق اسلام آباد میں 15 اپریل تک پولن کی مقدار میں اضافے کا امکان ہے تاہم 15 اپریل کے بعد پولن میں کمی واقع ہوگی۔