افغانستان میں مذاکرات سے امن کے مواقع موجود ہیں، عمر زاخیلوال

افغانستان میں مذاکرات سے امن کے مواقع موجود ہیں، عمر زاخلوال

فائ؛ فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹرعمرزاخیلوال نے کہا ہے کہ قومی اتفاق رائے، اتحاد اور شفافیت پر مبنی انٹرا افغان ڈائیلاگ سے افغانستان میں امن ممکن ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں افغان سفیر نے کہا ہے کہ اس قسم کے مذاکرات کا موقع موجود ہے لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ اس کیلئے کتنا انتظار کرنا پڑے گا۔

عمر زاخیلوال نے یہ ٹویٹ سابق افغان صدر حامد کرزائی کے ایک ٹویٹ کے جواب میں کیا جس میں انہوں نے افغان کے صدر اشرف غنی اور دیگر سیاسی قیادت سے ملاقات کا ذکر کیا ہے۔

حامد کرزائی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا  کہ صدر اور سیاسی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں اس بات پرزور دیا گیا کہ انٹرا افغان ڈائیلاگ میں مقامی لوگوں کی مناسب نمائندگی ضروری ہے۔

دوسری طرف افغان امن مذاکرات میں خواتین کی نمائندگی پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ ممتاز ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی مندوب برائے پناہ گزین انجلینا جولی نے امن مذاکرات میں مقامی خواتین کی شمولیت کو اہم اور ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی ہزاروں خواتین امن مذاکرات میں اپنے اور بچوں کے حقوق کی ضمانت چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امن مذاکرات میں افغان خواتین کی شمولیت لازمی ہے،انجلینا جولی

ایسا افغانستان چاہتے ہیں جو کسی کیلئے خطرہ نہ ہو، زلمے خلیل

افغانستان کی نیوز ایجنسی نے کچھ عرصہ قبل خبر دی تھی کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایونکا ٹرمپ نے بھی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی اور افغان مفاہمتی عمل میں خواتین کے شمولیت کی اہمیت پر زوردیا۔

واضح رہے کہ امریکہ کی خواہش پرافغانستان میں قیام امن کی کوششیں جاری ہیں جس میں پاکستان بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو امن عمل میں کردار اداکرنے کی درخواست کے بعد اس عمل میں تیزی آئی ہے۔

افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکہ، قطر اور پاکستان سمیت کئی ممالک کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور 12 مارچ 2019 کو قطر میں امریکہ اور طالبان امن مذاکرات کا پانچواں دور ہوا تھا۔ مذاکرات میں امریکی انخلا کے بارے میں دستاویزات تیار کی گئی ہیں۔ معاہدے کی دستاویزات انگریزی اور افغانستان کی مقامی زبان میں لکھی گئی ہیں تاہم کسی فریق نے فی الحال معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔


متعلقہ خبریں