راولپنڈی: حجام کو گیس کا 11 لاکھ 35 ہزار روپے کا بل

سوئی گیس حکام نے وزیر اعظم کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس اور احکامات محکمہ سوئی نادرن نے ہوا میں اڑا دیے۔

محکمہ سوئی نادرن کی جانب سے جنوری اور فروری کے بعد اب مارچ میں بھی اضافی بلوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ محکمہ سوئی گیس نے ہیر سیلون کو 11 لاکھ 35 ہزار روپے کا بل بھیج دیا۔

ہیر سیلون کے مالک ظفر نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس حکام کی جانب سے بھیجا گیا لاکھوں روپے مالیت کا بل جمع کرانا بس سے باہر ہے جب کہ محکمہ سوئی نادرن نے بل کو ٹھیک کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 18 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے گیس بلوں میں اضافی رقم واپس کرنے کے لیے رقم مختص کی اور وزارت خزانہ کو 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی اور یہ گیس بلوں کی اضافی رقم مرحلہ وار بنیادوں پر واپس کرنی تھی۔

متاثرین کو رقم کی واپسی ممکن ہو یا نہ ہو تاہم محکمہ کی جانب سے اضافی بلوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

وزیراعظم نے رواں سال جون تک تمام اضافہ رقم واپس کرنے کی ہدایت کی تھی اور اووربلنگ کی رقم 3 مراحل میں واپس کرنی تھی۔

یہ بھی پڑھیں گیس کی قیمتوں میں 145 فیصد اضافے کا امکان

ذرائع کے مطابق اپریل میں گیس صارفین کے بل ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جب کہ سوئی ناردرن کمپنی پہلے مرحلے میں 5 کروڑ روپے صارفین کو واپس کرے گی۔

گزشتہ ماہ 45 ہزار سے زائد صارفین اووربلنگ سے متاثر ہوئے تھے

گزشتہ ماہ 26 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں گیس بلوں سے متعلق انکوائری رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی تھی۔

وزیر اعظم نے گیس بلوں میں اضافی رقم کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور متاثرین کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں