اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف بی آر) نے آصف زرداری کے خلاف گاڑیوں کے کیس کے معاملے پر آج انہیں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق ایف بی آر نے سابق صدرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
- ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبی کے بعد زرادری نے کراچی سے اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آصف علی زرداری قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد ایف بی آر میں پیش ہونے کا فیصلہ کریں گے۔
آصف زرداری پر الزام ہے کہ انہیں لیبیا اور یواے ای سے گاڑیاں تحفے میں ملی تھیں جس پر انہوں نے کسٹم اور ٹیکس ادا نہیں کیا تھا۔
واضح رہے چھ روز قبل آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کو بیان رکارڈ کرایا تھا۔جس میں دونوں سے نیب آفس میں لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت دو کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ سابق صدر نے کہا تھا کہ جس کمپنی سے متعلق سوالات ہیں وہ 28سال قبل بنائی گئی تھی ۔ کچھ باتیں یاد نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کے لئے مقرر
بلاول بھٹو سے بھی پارک لین کمپنی سے متعلق سوالات پوچھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کمپنی قائم ہوئی وہ بہت چھوٹے تھے۔ چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ وہ سوالات کے جوابات تحریری طور پر دیں گے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے نیب سے وقت مانگا ہے کہ جوسوالات دیے گئے ہیں ا نکے جوابات تحریری طور پر دینگے۔
ذرائع کا کہنا ہے نیب نے زرداری اور بلاول بھٹو کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے وقت دینے پر آمادگی ظاہر کی۔
نیب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ تحریری جواب کےلیے زیادہ سے زیادہ 10 روز کا وقت دے سکتے ہیں، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کو تحریری جواب 30 مارچ سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب میں پیشی کے بعد بلاول بھٹو کے باہر نکلنے سے قبل میڈیا نمائندوں اور جیالوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جس سے 2 کیمرا مین زخمی ہوئے ۔ بلاول بھٹو نادرا چوک پر پہنچے تو انہوں نے گاڑی کی چھت پر چڑھ کر میڈیا کارکنوں سے ہاتھ جوڑ کر معذرت بھی کی۔