بلاول، مریم ابو بچاؤ مہم پر نکلے ہیں، فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز ابو بچاؤ مہم پر نکلے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت و سرمایہ کاری رزاق داؤد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک کے ابو نے 300 جبکہ دوسرے کے ابو نے 500 ارب کھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم اور بلاول دونوں ہونہار بچے ہیں، نیب نے ابو کو بلا لیا ہے تو ناراض ہوگئے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول کا بیان بھارتی اخبارات کی ہیڈلائن بنا یہی وہ چاہتے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کے طیاروں کو پاکستان میں آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اس موقع پر مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملائیشن وفد میں 35 کے قریب سرمایہ کاروں کا وفد بھی آئے گا، جن کے ساتھ کل تین بڑے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان بھی جلد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی علاقے، رنگ نسل تک محدود نہیں ہوتی، اس کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ریاست کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، شہریار آفریدی

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رکن ممالک کو استنبول بلایا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے میں بھی آج جا رہا ہوں جب کہ سانحہ نیوزی لینڈ پر ترک وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلمانوں پر حملے کیے جاتے ہیں، انہیں شہید کیا جاتا ہے لیکن عالمی میڈیا اس پر پردہ ڈالتا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی لیکن اگر کسی مسلمان یا پاکستانی کی جانب سے کوئی جرم کیا جاتا ہے تو اسے بہت زیادہ اچھالہ جاتا ہے، ہم دنیا کے اس دہرے معیار کو قبول نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے نعیم رشید اپنے بیٹے کو تو نہ بچا سکے لیکن مساجد میں موجود کئی افراد کی جانیں بچا لیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سی پیک کے بارے میں چینی حکام سے تبادلہ خیال ہوا ہے اور چین کے ساتھ ہمیشہ ہمارے تعلقات مثالی رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں