ملک ریاض کے خلاف پہلا کرپشن ریفرنس تیار

ملک ریاض

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس ملک ریاض اور انکے بیٹے کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے خلاف پہلا کرپشن ریفرنس تیار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے ملک ریاض کے خلاف تخت پڑی کیس میں ریفرنس تیار کیا ہے۔ جسے منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھیج دیا گیا۔

چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس احتساب عدالت راولپنڈی میں دائر کیا جائے گا۔ ریفرنس میں ملک ریاض کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ملک ریاض پر تخت پڑی کیس میں جنگل کی زمین پر بحریہ ٹاؤن فیز 7 اور فیز 8 بنانے کا الزام ہے۔

گزشتہ ماہ ملک ریاض تخت پڑی کیس میں تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے تھے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور بیان ریکارڈ کیا گیا۔

نیب نے ملک ریاض کے پاس موجود دستاویزی ثبوت  قبضے میں لیتے ہوئے ان  سے مزید سوالوں کے جوابات بھی طلب کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں نیب کا ملک ریاض کے خلاف گھیرا تنگ

خیال رہے گزشتہ سال ملک ریاض کے خلاف ’زمین پر قبضے‘ سے متعلق مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ غیر قانونی طور پر بحریہ ٹاؤن کو زمین کی اراضی دینے پر عدالت عظمیٰ فیصلہ بھی دے چکی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں فاریسٹ ریونیو اور سروے آف پاکستان کو حکم صادر کیا تھا کہ وہ اسلام آباد کے قریب تخت پڑی میں جنگلات کی زمین کی از سر نو حد بندی کریں۔

ذرائع کے مطابق ملک ریاض سے موضع تخت پڑی، بحریہ ٹاؤن کراچی اور مری میں واقع گالف سٹی منصوبوں کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے ملک ریاض پر 5 ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا اور خاندان کی ذاتی املاک کی تفصیلات بھی جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ملک ریاض نے عدالت کے روبرو کہا تھا کہ تخت پڑی کا جو مقدمہ چل رہا ہے نیب اسے کلیئر قرار دے چکا ہے۔


متعلقہ خبریں