بالائی شمالی بلوچستان: موسم کی شدت سے نظام زندگی درہم برہم

فائل: فوٹو


چمن:  موسم کی شدت نے ایک بارپھر بالائی شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انسانی زندگی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چمن شہر اور گردونواح میں تیز طوفانی ہواوں کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

بارش اور ژالہ باری سے میزئی اڈہ گلستان اور قلعہ عبداللہ کے دیہی علاقوں میں کچے مکانات گرگئے جبکہ کوہ خواجہ عمران، شیلاباغ اور شاخہ میں متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

چمن اور شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی جس کی وجہ سے موسم بھی سرد ہوگیا ہے۔

قلعہ سیف اللہ میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ ایک بارپھر شروع ہوگیا ہے، جہاں تیزہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، دکی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کاسلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل بھی مسلسل بارشوں سے شمالی بلوچستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی جس سے انسانی زندگیاں اور زرائع آمدروفت بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

بلوچستان کی تحصیل دکی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افرار ملبے تلے دب گئے تھے جنہیں کافی مشکلات کے بعد ریسکیو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر پاکستان آرمی کے ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے متاثرین کو ادویات اور طبی فراہم کی گئی تھی جبکہ فوج نے مختلف علاقوں میں پھنسے لوگوں کو بھی ریسکیو کیا تھا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور متاثرین کی بحالی اور ان کی ہرممکن مدد کرنے کی ہدایت کی تھی۔


متعلقہ خبریں