تضحیک قبول نہیں، عزت کی موت کو ترجیح دونگا،نوازشریف


اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی والدہ اور دیگر اہلخانہ کی نوازشریف کو جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کے لئے منانے کی کوشش ایک بارپھر کامیاب نہیں  ہوسکیں۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ، سابق وزیراعلی پنجاب اور نواز شریف کی والدہ سمیت دیگر اہل خانہ نے آج کوٹ لکھپت جیل لاہور میں نوازشریف سے ملاقات کی ۔

’نوازشریف کو جیل سے اسپتال منتقلی کے لئے منانے کی کوشش ناکام‘

نواز شریف نے اپنے اہل خانہ کو جواب میں کہاہے کہ حکومت کا تضحیک آمیزرویہ قبول نہیں ہے۔ ایک سے دوسرے ہسپتال گھمایا جارہا ہے ۔ 5 میڈیکل بورڈز کی رپورٹس کے بعد بھی علاج شروع نہیں ہوا۔

اپنےاہل خانہ سے مکالمے میں نوا زشریف نے کہا کہ علاج کی بھیک مانگی ہے اور نہ مانگوں گا،علاج کے نام پر سیاست ہورہی ہے۔

حکومت نے اب تک علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی ، صرف تنگ کیاجارہا ہے۔

نواز شریف کے اہل خاندان کا کہنا ہے کہ دل کی تکلیف اور طبیعت کی خرابی کے باوجود میاں صاحب اسپتال جانے پر راضی نہیں ہیں۔

نواز شریف نے نے اپنی والدہ کو گھرجانے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماں جی آپ دعا فرمائیں، جو اللہ کو منظور ہوا ، ہوجائے گا۔‘‘

میاں نوازشریف کی طبیعت کی ناسازی کے باعث جمعرات کو جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے:نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف  نےبھی کوٹ لکھپت جیل میں محمد نوازشریف کی صحت دریافت کی اور انکے اسپتال منتقلی کے معاملے پر بات کی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد تصدیق کی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہاہے کہ نوا زشریف کو بازو میں درد کی بار بار شکایت سامنے آرہی ہے جو تشویشناک علامت ہے۔

’نوا زشریف کو بازو میں درد کی بار بار شکایت سامنے آرہی ہے،شہباز شریف ‘

شہباز شریف نے  ارکان پارلیمان، رہنماء، کارکنان، بہی خواہ، دوست احباب اور عوام سے ان کی صحت کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے جیل آنے کے بجائے نواز شریف کے بہی خواہ  اپنے اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے  انکی صحت کے لئے دعا  کریں۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے۔نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا ۔


متعلقہ خبریں