پٹنہ: بھارتی وزیر اعظم نریندری مودی نے کہا ہے کہ بالاکوٹ حملے کا ثبوت مانگنا فوج کا مورال ڈاؤن کرنے کے مترادف ہے۔ حزب اختلاف کے رہنما میری مخالفت کرتے کرتے وطن کی مخالفت پر اتر آئے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹنہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل چوکیدار کو برا بھلا کہنے کا مقابلہ چل رہا ہے لیکن میں بھارتی عوام کو بتادوں کہ اُن کا یہ چوکیدار پوری طرح سے الرٹ ہے۔ ملک پر بُری نظر رکھنے والوں کے آگے آپ کا چوکیدار اور فوج دیوار بن کے کھڑی ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ ہماری فوج کے حوصلوں کو بلند کرنے کے بجائے بھارت کے اندر موجود لوگ ایسی باتیں کررہے ہیں کہ پاکستان میں خوشیاں منائی جارہی ہیں۔ ایسی باتیں کرنا ٹھیک نہیں ہے۔
کانگریس کی جانب سے بالاکوٹ حملے کا ثبوت مانگنے پر بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک کا ثبوت مانگ کر بھارتی فوجیوں کا مورال کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری فوج ملک کے اندر اور باہر لڑ رہی ہے اور ہم اپنے جوانوں کی قربانیوں پر چپ نہیں بیٹھیں گے۔
نریندر مودی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چن چن کر اپنا حساب لیتا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ اسلامی کونسل میں بھارت کو 50 سال بعد بلایا گیا اور بھارت کی بات سن کر ہماری عزت افزائی کی گئی۔ بھارتی آواز کو دوسروں کے سامنے اٹھانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
یہ بھی پڑھیں پاک فضائیہ کے ہاتھوں دو طیارے گنوانے والے مودی کو رافیل یاد آگئے
انہوں نے کہا کہ سعودی شہزادے محمد بن سلمان کے دورہ بھارت کے دوران حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی جس پر سعودی عرب نے دو لاکھ حاجیوں کا کوٹہ بڑھا دیا ہے اور ایسا صرف بھارت میں ہوا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے سعودی عرب میں قید بھارتی مزدورں کی رہائی کا حکم دینے پر سعودی شہزادے کا شکریہ ادا کیا۔